کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات، حلقہ بندیوں اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر مزید غور و خوض کے لیے اپنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ ہفتے لاہور میں بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے ہمیں بتایا کہ پی پی پی سی ای سی کا اجلاس ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔
تاہم پارٹی قیادت کی جانب سے سی ای سی کے اجلاس کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔
اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ پارٹی کی انتخابات کے حوالے سے حالیہ ملاقات پر بریفنگ دی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سی ای سی مختلف آپشنز پر غور کرے گا جس میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد اور انتخابات کے معاملے میں تاخیر پر دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت شامل ہے۔
حال ہی میں کراچی میں ہونے والے اپنے سی ای سی اجلاس میں پی پی پی نے قبل از وقت انتخابات کے لیے سید نیئر بخاری، شیری رحمان، فیصل کریم کنڈی اور دو دیگر پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔