اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے مون سون کی مغربی لہر پیر کو ملک میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے جس سے ملک میں 3 جولائی سے 8 جولائی تک بارشیں ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے پیر کی شام اور رات کو بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
اس موسمی نظام کے زیر اثر کراچی، سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، مٹھی، چھور، پڈعیدن، نگرپارکر، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپور خاص، دادو، ٹھٹھہ، بدین اور حیدرآباد کے اضلاع میں 07 اور 08 جولائی کو بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں میں 4 سے 7 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
بارکھان، سبی، لورالائی، قلات، خضدار، ژوب، لسبیلہ اور نصیر آباد، بنوں، کرک، وزیرستان، ڈی آئی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپو، بہاولنگر، ساہیوال اور اوکاڑہ
میں 5 اور 8 جولائی کو بارش کا امکان ہے
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں سے ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔
موسلادھار بارش سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، گلیات اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
ڈھیلے ڈھانچے جیسے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ کو گردو غبار کے طوفان یا آندھی اور گرج چمک کے ساتھ نقصان پہنچ سکتا ہے اور عام لوگوں کو اس دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔