اسلام آباد: حکومت نے پرتعیش اشیاء بشمول کاسمیٹکس، پھل اور خشک میوہ جات، فرنیچر، چمڑے کی جیکٹس، شیمپو، سن گلاسز وغیرہ کی درآمد پر پابندی ختم کردی۔
تفصیلات کے مطابق پرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سینکڑوں لگژری اور غیر ضروری اشیا کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق سگریٹ، چاکلیٹ، جوس، کاسمیٹکس اور ٹشو پیپرز، کتوں اور بلیوں کی خوراک اور مچھلی، جوتے اور پھل اور خشک میوہ جات کی درآمد پر پابندی اٹھا لی گئی ہے۔
اس کے علاوہ فرنیچر، آئس کریم، جیم اینڈ جیلی، لیدر جیکٹس، شیمپو، سن گلاسز، کیچپ، ہتھیار، پاستا، موسیقی کے آلات اور منجمد گوشت کی درآمد پر پابندی اٹھانے کی منظوری دی گئی۔
دروازے، کھڑکیوں کے فریم، سجاوٹ کے سامان، سفری بیگ اور سوٹ کیس، کراکری اور کارن فلیکس پر بھی پابندی ختم کر دی گئی۔