اسلام آباد: ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔
جنرل عاصم منیر نے قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد 29 نومبر کو نئے آرمی چیف کی حیثیت سے کمان سنبھالی تھی جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو 27 نومبر کو جنرل ندیم رضا کی جگہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔
وفاقی حکومت نے اعلیٰ عہدوں کے لیے دو سینئر ترین جنرلز کا انتخاب کیا تھا۔