کراچی: مون سون کا جاری اسپیل 14 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
موسمی عہدیدار نے بتایا کہ بارش لانے والا مون سون کا نظام وسطی ہندوستان اور گجرات میں موجود ہے کیونکہ کم دباؤ اپنی شدت کے ساتھ برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا طاقتور سپیل 11 اگست کو پنجاب میں داخل ہوگا جس سے ملتان، چشتیاں،بہاولنگر،بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، جام پور ، تونسہ-بھکر، لیہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، حاصل پور، وہاڑی اور بورے والا سمیت گردونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے
کراچی میں آج رات موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ مون سون کا نظام 12 اور 13 اگست کو مزید تیز ہو جائے گا اور شدید بارشیں ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش کا یہ سلسلہ 14 اگست کی دوپہر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
کراچی شہر کے کچھ حصوں میں آج سہ پہر ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی۔ میمن گوٹھ، لانڈھی، ملیر، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، ماڈل کالونی، کورنگی، ایئرپورٹ، سپر ہائی وے، کلفٹن، صفوراں چورنگی، گلزار ہجری، سائٹ ایریا، نارتھ کراچی اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔
موسمیات کے تجزیہ کاروں کے مطابق کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے تحت 11 سے 14 اگست تک موسلادھار بارش ہوگی۔8 اگست کو اپنی موسم کی پیشن گوئی میں، پی ایم ڈی اے نے روشنی ڈالی تھی کہ 11 سے 13 اگست تک کراچی میں شدید بارشوں سے شہری سیلاب پیدا ہوسکتا ہے۔
ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں بھی 12 اگست سے بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا جس سے دادو، جامشورو، قمبر-شہداد کوٹ اضلاع اور نشیبی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔
خضدار، لسبیلہ، حب اضلاع اور کیرتھر رینج پر مسلسل تیز بارش حب ڈیم، تھڈو ڈیم اور ڈاون اسٹریم پر اضافی دباؤ پیدا کر سکتی ہے۔
11 سے 14 اگست کے دوران سمندری حالات خراب سے انتہائی خراب ہونے کا امکان ہے اور ماہی گیروں کو اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔