مری: راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے مری آنے والے سیاحوں کے ہوٹلوں میں بکنگ کے بغیر داخلے پر پابندی عائد کردی۔
ضلعی انتظامیہ نے چھٹیوں میں مری آنے والے سیاحوں کے لیے ہوٹل بکنگ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔بغیر بکنگ کے آنے والے سیاحوں کو سترہ میل ٹول پلازہ سے واپس بھیج دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، پابندی کا فیصلہ ناگہانی صورتحال سے نمٹنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
جبکہ مری کلڈنہ سے نتھیا گلی والی ٹریفک کو باڑہاں کا راستہ کھلا ہونے کے باوجود ہوٹل مالکان نے اسے بند کر رکھا ہے جس سے سیاحوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ مقامی پولیس ہوٹل مالکان کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے۔
مری میں سیاحوں کی آمد سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے پیش نظر سی پی او سید شہزاد ندیم نے انتظامیہ کو ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بھی مری میں سیاحوں کی زیادہ تعداد کے باعث انتظامیہ کو مری میں ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کا حکم جاری کیا۔ پرویزالہٰی نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے سی ٹی او راولپنڈی کو فوری مری پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ، ٹریفک حکام ملکر مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ حد سے زائد گاڑیوں کو سیاحتی مقام میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے اور موثر ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ سیاحوں کی ٹریفک کو کنٹرول کیا جائے۔