کراچی: این اے 245 کے ضمنی انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار نے ایم کیو ایم پی کے امیدوار کے خلاف الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ انتخابات میں ہیرا پھیری کے لیے سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مولوی محمود نے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ (ایم کیو ایم) کا امیدوار سرکاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہا ہے۔
مولوی محمود نے دعویٰ کیا کہ (ایم کیو ایم) امیدوار انتخابات میں ہیرا پھیری کے لیے حلقے میں فری میڈیکل کیمپ لگا رہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میڈیکل کیمپ 2 اگست کو لائنز ایریا میں لگایا جائے گا۔
پی ٹی آئی امیدوار نے لکھا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے لگایا گیا کیمپ قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات سے قبل سرگرمیاں الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
پی ٹی آئی امیدوار نے الیکشن کمیشن سے خلاف ورزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ موجودہ وزیر برائے بحری امور ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری ہیں اور موجودہ وفاقی سیکرٹری برائے میری ٹائم افیئرز مطہر نیاز رانا ہیں۔
کراچی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخابات 27 اگست کو ہوں گے، پولنگ 25 جولائی کو ہونا تھی لیکن صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث ملتوی کر دی گئی۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔