اسلام آباد: خصوصی عدالت نے جمعرات کو سابق وزیراعظم کو اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت دے دی۔
سابق وزیراعظم عمران خان، جو سائفر کیس میں 13 ستمبر تک عدالتی حراست میں ہیں، 5 اگست کو گرفتاری کے بعد سے اٹک جیل میں قید ہیں۔
پی ٹی آئی سربراہ نے اپنے وکلا عمیر نیازی اور شیراز احمد کے ذریعے خصوصی عدالت سے رجوع کیا اور اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت مانگی۔
انہوں نے استدعا کی کہ میں اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان سے ٹیلی فون یا واٹس ایپ پر بات کرنا چاہتا ہوں، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
بدھ کو خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی ۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ 2023 کے تحت ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں کیس کی سماعت کرنے والے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کا فیصلہ سنایا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزارت قانون کی منظوری کے بعد کیس کی سماعت اٹک جیل میں ہوئی۔