لاہور: عسکری ٹاور حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی سربراہ سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کرلیا۔
سابق وزیراعظم اس وقت توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کاٹ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے عسکری ٹاور آتشزدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ سے پوچھ گچھ کے لیے عدالت سے اجازت مانگ لی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کمیٹی ممبران کے ہمراہ سابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ عدالت کی منظوری کے بعد ٹیم اٹک جیل کا دورہ کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جمعے کو اٹک جیل میں پی ٹی آئی کے سربراہ سے چھ مقدمات میں پوچھ گچھ کی۔
سابق وزیراعظم نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی ٹیم کو بتایا کہ وہ حراست میں ہیں، ان کے پاس کوئی ٹیلی فون نہیں ہے، وہ تشدد کو کیسے بھڑکا سکتے ہیں۔
9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔