اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اگست 2022 کے بقیہ دنوں کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا۔
ڈیزل کی قیمت میں 0.51 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 0.43 روپے فی لیٹر کی کمی دیکھی گئی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.67 روپے فی لیٹر تک کمی ہوئی ہے
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تازہ ترین اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت اب 233.91 روپے ہو جائے گی، اس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل 244.44 روپے، مٹی کا تیل 199.40 روپے اور لائٹ ڈیزل 191.75 روپے ہو جائے گا۔
حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں 3.05 روپے فی لیٹر کمی کی تھی لیکن ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.95 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مخلوط حکومت نے تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز 4 ڈالر فی بیرل سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ چینی معاشی اعداد و شمار نے عالمی کساد بازاری کے خدشات کو نئے سرے سے پیش کیا ہے۔