لاہور: لاہور ہائی کورٹ کو جمعرات کو بتایا گیا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہونے کے بعد پرویز الٰہی کو بطور وزیراعلیٰ ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس عاصم حفیظ اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
آج کی کارروائی کے دوران پرویز الٰہی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے بنچ کو بتایا کہ ان کے موکل نے پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے۔
گورنر پنجاب کے وکیل نے بھی بنچ کو تصدیق کی کہ وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے۔
جس پر جسٹس عابد نے استفسار کیا کہ کیا گورنر پنجاب اعتماد کے ووٹ سے مطمئن ہیں؟
گورنر کے وکیل نے بنچ پر زور دیا کہ اسمبلی کی کارروائی کو عدالت کے ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔